کوئٹہ : (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب دھماکے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ کم ازکم 35 افراد زخمی ہوگئے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے ترجمان ساجد ترین نے کہا کہ دھماکے میں ہمارے 13 کارکن شہید ہوئے، جیسے ہی اختر مینگل کی گاڑی گزری تو زور دار دھماکا ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلسہ ختم ہوتے ہیں زوردار دھماکا ہوا جس کا تعین کیا جارہا ہے۔ سول ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں اب تک 14 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20 زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب حکومت بلوچستان نے دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر سرگرم ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔