ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ شادمان تا بھمبر نالہ سیوریج لائن کا 1.4 ارب روپے مالیت کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش سیوریج کے مسائل حل ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اور منصوبے کی تکمیل مقررہ وقت میں کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر سیوریج لائن کے معائنے کے دوران کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ، ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ندیم عباس اور کنٹریکٹر نوید کنسٹرکشن کمپنی کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یہ منصوبہ شادمان تا بھمبر نالہ منصوبے میں شادمان، سروس موڑ، عامر کالونی، رحمان شہید رڈ و شہر کے دیگر اہم علاقے شامل ہیں۔ سیوریج کا پانی سرور موڑ ڈرین، کالرہ ڈرین تک سیوریج لائن بچھانے پر مشتمل ہے۔ شادمان کے لیے ڈسپوزل اسٹیشن جامع اسکول اور رامتلائی سیوریج لائن کے لیے ہریانوالہ چوک میں بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے شادمان، جلالپور جٹاں روڈ اور گرد و نواح کے علاقوں کے علاوہ گلزار مدینہ روڈ، رامتلائی چوک، شادی وال روڈ اور دیگر قریبی علاقوں میں سیوریج کے دیرینہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ بارش کے پانی کے جلد نکاس میں بھی مدد ملے گی۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر اقدامات اس منصوبے کو معیاری اور بروقت مکمل کرنے کے لیے کیے جائیں۔